نئی دہلی:04 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) الیکشن کمیشن کی تنقید کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کو کہا کہ جب اپوزیشن سے متعلق معاملات کے لئے آتا ہے، تو کمیشن کا رویہ مکمل طور پر جانبدارانہ ہو جاتا ہے۔ کمیشن کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی مختلف شکایات پر وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے سربراہ امت شاہ کو کلین چٹ دئے جانے کے پیش نظر ان کا یہ بیان آیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانبداری پر اٹھائے جا رہے سوالات کے بارے میں پوچھے جانے پر گاندھی نے کہا کہ جب بی جے پی سے منسلک مسئلہ کی با ت آتی ہے تو الیکشن کمیشن واضح رخ اختیار کرتا ہے، لیکن جب اپوزیشن سے منسلک مسئلہ زیر بحث ہو تو پھر کمیشن مکمل طرح سے جانبدار ہو جاتا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی، حکمران بی جے پی اور آر ایس ایس کا طریقہ کار اداروں پر دباؤ بنانے کا ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ ہم یہ توقع نہیں کرتے کہ الیکشن کمیشن اس دباؤ سے متاثر نہیں ہوگا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے اور اس کے تقاضے پورے کرنے چاہیے۔ کانگریس کے سربراہ نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ اداروں پر قبضہ اور ان کے تمام منفی اثرات کے مستقبل میں نتائج سامنے آئیں گے۔ ہم ہندوستانی اداروں کو متاثر کرنے، اس پر کنٹرول حاصل کرنے اوراسے سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔